’لاپتہ جہاز نے چوبیس پیغامات بھیجے‘

ملبے کی تلاش کے عمل میں فرانسیسی بحریہ کے طیارے بھی شریک ہیں
،تصویر کا کیپشنملبے کی تلاش کے عمل میں فرانسیسی بحریہ کے طیارے بھی شریک ہیں
وقت اشاعت

فرانسیسی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ بحرِ اوقیانوس کے اوپر دورانِ پرواز غائب ہونے والے ائر فرانس کے جیٹ طیارے نے خرابی کی نشاندہی کے چوبیس پیغامات بھیجے تھے۔

ائر فرانس کا ائر بس اے 330 ہوائی جہاز پیر کو برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو سے فرانس کے دارالحکومت پیرس جاتے ہوئے لاپتہ ہوا تھا۔

پیرس میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فضائی حادثات کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی فرانسیسی ایجنسی کے ڈائریکٹر پال لوئیس ارسلانیئن کا کہنا تھا کہ جب دورانِ پرواز آحری لمحات میں جہاز اڑانے میں مددگار نظام ایک ایک کر کے بند ہونا شروع ہوئے تو ائر فرانس 447 نے چوبیس ایسے پیغامات نشر کیے جن میں ان کی نشاندہی کی گئی تھی۔

تفیتیش کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ جہاز کوخودکار پائلٹ نظام بھی کام نہیں کر رہا تھا تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ نظام بند کیا گیا تھا یا پھر اس میں خرابی پیدا ہوگئی تھی۔ادھر موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے کہ طیارے کو جن طوفانوں سے گزرنا پڑا وہ موسمی حالات کے تناظر میں ’غیر معمولی‘ تھے۔ حکام تاحال یہ معلوم نہیں کر سکے ہیں کہ جہاز میں کیا خرابی پیدا ہوئی تاہم جہاز نے جس راستے سے گزرنا تھا وہاں گرج چمک اور ناہموار پرواز کے امکانات موجود تھے۔

پال ارسلانیئن نے اس بات کی تصدیق کی کہ لاپتہ ہونے والے جیٹ طیارے کے پائلٹوں کو اس کی رفتار ناپنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ائربس اے 330 جہازوں میں پایا جانے والا عام مسئلہ ہے اور کمپنی اسے درست کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

طیارے کے لاپتہ ہونے کے پانچ دن بعد بھی اب تک اس کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ منگل کو تلاش میں مصروف برازیلی ٹیم نے جہازکا ملبہ دیکھنےکا دعوٰی کیا تھا تاہم جمعرات کو سمندر سے نکالا جانے والا ملبہ مطلوبہ طیارے کا نہیں تھا۔

پیرس میں بی بی سی کے نمائندے کے مطابق تلاشی میں مصروف افراد اور ٹیموں کی توجہ اب ان دو ’پنگرز‘ یا ’سونار بیکنز‘ کی تلاش پر ہے جو جہاز کے بلیک باکس سے جڑے ہوتے ہیں۔تاہم پریس کانفرنس میں فرانسیسی حکام کا کہنا تھا کہ اس بات کی ضمانت نہیں دی جا سکتی کہ یہ ’بیکنز‘ اب بھی فلائٹ ریکارڈرز سے جڑے ہوئے ہوں گے۔ ان کے مطابق جہاز کی تباہی کی صورت میں یہ بیکنز باآسانی بلیک باکس سے الگ ہو سکتے ہیں۔

جمعہ کو فرانس کے وزیرِ دفاع ہروو مورن نے بتایا تھا کہ ایک فرانسیسی آبدوز تلاشی کے کام میں مدد کے لیے روانہ کی گئی ہے جس میں نصب سونار آلات کی مدد سے جہاز کے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈرز کو تلاش کیا جا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ ان ریکارڈرز یا بلیک باکس کی عدم دستیابی کی صورت میں یہ معلوم کرنا ناممکن ہے کہ جہاز کو کیا ہوا تھا۔