چین: تودے تلے دبے افراد کی تلاش جاری

سینکڑوں امدادی کارکن چین کے جنوب مشرقی علاقے میں پہاڑی تودے تلے دبے افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ خدشہ ہے کہ سو کے قریب افراد تودے کے نیچے لاپتہ ہیں۔
جمعہ کے روز چین کے جنوب مشرقی علاقے میں لاکھوں کیوبک میٹرز چٹان لوہے کی ایک کان اور متعدد گھروں کے اوپر گری تھی۔جس کے نتیجے میں سرکاری ٹی وی کے مطابق چھبیس افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ آٹھ افراد کو زندہ نکال لیا گیا تھا۔
حادثے کی جگہ امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے کیونکہ علاقے میں ناہموار زمین کی وجہ سے بھاری مشینری کا استمعال نہیں کیا جا رہا ہے۔
علاقے میں مزید بارش کا امکان ہے جس کی وہ سے خدشہ ہے کہ پانچ سو امدادی کارکنوں کی سرگرمیاں ماند پڑ سکتی ہیں۔
امدادی کارکنوں نے خبر رساں ایجنسی زنوا کو بتایا کہ انہیں امید ہے کہ کان کے اندر پھنسے ستائیس کان کنوں کو تلاش کر لیا جائےگا لیکن کان کے باہر تودے تلے افراد کے بارے میں امید کم ہے۔ پہاڑی تودے کا ملبہ چھ سو میٹر کے علاقے میں پھیلا ہوا ہے جبکہ ملبے تلے بعض گھر چالیس میٹر تک دبے ہوئے ہیں
امدادی کارکن حادثے کی جگہ ایک نہر بھی کھود رہے ہیں جس کے ذریعے تودے کی وجہ سے بننے والے تلاب کے پانی کو باہر نکلا جا سکے گا۔
واضخ رہے کہ چین میں کان کنی کی صنعت میں حفاظتی انتظامات کا ریکارڈ اچھا نہیں ہے اور اطلاعات کے مطابق چین میں ہر سال کان کے حادثے میں ہزاروں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔


















