یورپی یونین کا حزب اللہ سے رابطہ

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ ہاویار سولانا نے پہلی بارحزب اللہ کے سیاسی رہنماء سے ملاقات کی ہے ۔
یورپی یونین کے سینئر اہلکار ہاویر سولانا نےحزب اللہ کے رہنما حسین حاجی حسن سے یہ ملاقات لبنان کے دارالحکومت بیروت میں پارلیمان کی عمارت میں کی۔
حاجی حسین حزب اللہ کے ان گیارہ اراکین میں شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ دنوں ہونے والے انتخابات میں مغرب نواز اتحاد کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ امریکہ حزب اللہ کو دہشت گرد گروپ قراد دے چکا ہے۔
یورپی یونین نے اس سے پہلے حزب اللہ سے اعلانیہ طور پر کسی بھی قسم کے مذاکرات کرنے سے انکار کیا تھا جو لبنان کے سب سے مضبوط ادارے یعنی فوج کو کنڑول کرتی ہے۔
ہاویار سولانا نے ملاقات کے بارے میں کہا ہے کہ ’حزب اللہ لبنان کی سیاسی زندگی کا حصہ ہے اور پارلیمان میں نمائندگی رکھتی ہے‘۔
حزب اللہ کے رہنما حاجی حسین نے ہاویار سولانا کے ساتھ ہونے والی ملاقات کو یورپی یونین کی طرف سے حزب اللہ کے لیے خیر سگالی کا جذبہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے اہلکار کی ملاقات حزب اللہ کو جاننے کی ایک کوشش ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
برطانیہ نے رواں سال کے آغاز پر کہا تھا کہ وہ حزب اللہ کے سیاسی ونگ کے ساتھ روابط دوبارہ سے قائم کرنے کے حق میں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سوموار کو لبنان کے انتخابات کے سرکاری نتائج کے مطابق مغرب نواز سعد حریری کی جماعت فاتح قرار پائی تھی۔






















