امریکہ: ٹرینوں کی ٹکر، چھ ہلاک

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں انتہائی رش کے اوقات میں دو ٹرینوں کے درمیان تصادم میں کم از کم چھ افراد ہلاک جبکہ 76 کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔
ہلاک ہونے افراد میں ٹرین کی خاتون ڈرائیور بھی شامل ہیں۔
امریکہ میں میٹرو کی تاریخ کا یہ بدترین حادثہ ٹرینیوں کے زمین کے اوپر جاتے ہوئے مقامی وقت کے مطابق پانچ بجے فورٹ ٹوٹن اور ٹکوما پارک کے درمیان پیش آیا۔
واشنگٹن سب وے کے جنرل منیجر کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرین وہاں اس انتظار میں کھڑی تھی کہ دوسری ٹرین اگلے سٹیشن کو خالی کردے۔
’تاہم پیچھے سے آنے والی ایک اور ٹرین نامعلوم وجوہات کی بناء پر انتظار کرنے والی ٹرین کے پچھلے حصے سےٹکرائی۔ ہم ان وجوہات کو جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اس طرح کا حادثہ دوبارہ نہ ہو۔‘
امریکی صدر براک اوباما نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’مجھے اور مشعل اوباما کو واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے اس بدترین حادثے کا سن کر انتہائی افسوس ہوا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’میں ان افراد کا انتہائی مشکور ہوں جو متاثرہ افراد کی فوری مدد کے لیے وہاں پہنچے۔‘
واشنگٹن کے فائر چیف ڈینس روبن نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کے تقریباً دو سو افراد پر مشتمل عملہ جائے حادثہ پر موجود تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ چھہتر افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی تاہم چھ شدید زخمیوں کو ہسپتال بھجوا دیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واشنگٹن کے میئر ایڈریئن فینٹی نے اس واقعے کو ’میٹرو ٹرین ٹرانزٹ سسٹم کی تاریخ کا بدترین حادثہ‘ قرار دیا۔
بی بی سی کے نامہ نگار رچرڈ لسٹر کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ اب بھی کچھ لوگ ٹرین میں پھنسے ہوئے ہوں کیونکہ فائر چیف مسٹر روبن کے مطابق ٹرین کا ستر سے اسی فی صد حصہ پچک چکا ہے۔






















