دوبارہ جزوی گنتی کی تجویز مسترد

میر حسین موسوی صدارتی انتخاب کو کالعدم قرار دلوانا چاہتے ہیں
،تصویر کا کیپشنمیر حسین موسوی صدارتی انتخاب کو کالعدم قرار دلوانا چاہتے ہیں
وقت اشاعت

ایران میں حزب اختلاف کے رہنما اور ہارنے والے صدارتی امیدوار میر حسین موسوی نے شورائے نگہبان کی صدارتی انتخاب میں ڈالے گئے ووٹوں کی جزوی گنتی کی تجویز کو رد کردیا ہے۔

انہوں نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ صورتحال کا بہترین حل پورے صدارتی انتخاب کا دوبارہ انعقاد ہے۔

شورائے نگہبان ایران میں اعلٰی ترین انتخابی ادارہ ہے اور وہ بارہ جون کو ہوئے صدارتی انتخاب کے نتیجے کے خلاف دائر کردہ درخواستوں پر توقع ہے کہ آج حتمی فیصلہ سنائے گی۔ ادارے کی جانب سے پہلے ہی صدارتی انتخاب کو ایرانی تاریخ کا شفاف ترین الیکشن قرار دیا جاچکا ہے۔ لیکن ہارجانے والے امیدوار میر حسین موسوی بدستور اپنی بات پر اڑے ہوئے ہیں کہ شورائے نگہبان کی تجویز کے مطابق صرف چند بیلٹ بکسوں کے ووٹ دوبارہ گننے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ لوگوں کا اعتماد صرف نئے انتخاب کے ذریعے ہی بحال ہوسکے گا۔ درحقیقت میر حسین موسوی نے اب تک جس بات پر ذرا بھی لچک دکھائی ہے وہ یہ ہے کہ بارہ جون کے صدارتی انتخاب کا کسی غیر جانبدار ادارے سے جائزہ کرایا جائے۔

دوسری جانب تہران میں لوگوں کے مظاہروں کے دوران بالکل نظر نہ آنے والے صدر محمود احمدی نژاد بڑے پراعتماد انداز میں عوام کے سامنے آرہے ہیں۔

تہران میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق احمدی نژاد نے تشدد کو ہوا دینے کا الزام غیرملکیوں پر عائد کیا ہے اور ایران کے واقعات کو اشتعال انگیز کہنے پر امریکی صدر اوباما کو تنبیہہ بھی کی ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب اور نیم فوجی بسیج ملیشیا بھی پوری طرح صدر احمدی نژاد کے پشت پناہ ہیں اور انہوں نے دوبارہ تہران کی سڑکوں کا کنٹرول احتجاجی مظاہرین سے حاصل کرلیا ہے اور بظاہر اب تہران میں معمول کی گہما گہمی لوٹ رہی ہے۔ لیکن حقیقت میں جو کچھ دکھائی دے رہا ہے، وہ ایسا نہیں ہے۔ سنیچر کی شام بھی لوگوں نے اپنی چھتوں اور بالکونیوں سے احتجاجی نعرے لگائے۔ بظاہر الیکشن کے نتیجہ میں برسر اقتدار ایرانی اعلٰی طبقات میں ایسی گہری خلیج پیدا ہوگئی ہے جو پر ہوتی دکھائی نہیں دیتی ہے۔ اس کے نتیجے میں یقیناً ایران میں طرز حکومت میں بڑی دوررس تبدیلیاں ہوسکتی ہیں۔ لیکن فوری طور پر اسے کوئی خطرہ دکھائی نہیں دیتا ہے۔