ایران: میڈیا کے خلاف کارروائی کاحکم

آیت اللہ ہاشمی شاہرؤدی
،تصویر کا کیپشنمسٹر شاہرؤدی کے نزدیک حکومت مخالف میڈیا کو نکیل ڈالنے کی ضرورت ہے
وقت اشاعت

ایرانی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی شاہرؤدی نے حکم دیا ہے کہ جن لوگوں نے حالیہ ہنگاموں کے دوران مختلف ویب سائٹوں یا غیرملکی چینلوں کے ساتھ تعاون کیا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

ایران میں گزشتہ ماہ کے متنازعہ صدارتی انتخابات کے بعد شدید احتجاج اور مظاہرے ہوئے تھے۔

عدلیہ کے سربراہ نے ایک حکم نامہ میں لکھا ہے کہ حکومت مخالف ذرائع ابلاغ میں ہونے والے اضافہ کو روکنے کی ضرورت ہے۔

ان ہنگاموں کے دوران غیرجانبدارانہ رپورٹنگ پر پابندیوں کی وجہ سے بہت سے لوگوں نے احتجاج سے متعلق مواد از خود کئی ویب سائٹوں اور سیٹلائٹ چینلوں کو بھیجا۔ بہت سے لوگوں نے اس سلسلے میں بی بی سی کے فارسی ٹیلی ویژن سے بھی رابطہ کیا۔

عدلیہ کی جانب سے یہ حکم ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب اصلاح پسند علماء کے ایک دھڑے نے حالیہ انتخابی نتائج کو مسترد کر دیا ہے۔

ان انتخابات کے نتیجے میں صدر محمود احمدی نژاد دوسری مدت کے لیے صدر منتخب قرار دیے گئے ہیں۔