بگ بین ڈیڑھ سو سال کی ہوگئی

آج گیارہ جولائی کو لندن کی مشہورِ زمانہ بگ بین کلاک ٹاور کی ڈیڑھ سو ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں غروبِ آفتاب کے بعد کلاک ٹاور پر ایک بینر لگایا جائے گا جس پر تحریر ہو گا ’بگ بین سالگرہ مبارک 2009۔ 1859‘۔
بگ بین نے پہلی مرتبہ گیارہ جولائی سنہ 1859 کو کام کرنا شروع کیا تھا اور آج اس گھڑی کے قیام کے ڈیڑھ سو سال کی تکمیل پر برطانوی خیراتی ادارے ’گائے فوکس ہسٹری پراجیکٹ‘ کی جانب سے مختلف تقریبات کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
ان تقریبات کے علاوہ آنے والے بارہ ماہ کے دوران بچے اور رضاکار اس کلاک ٹاور کا جائزہ لینے کے علاوہ اس کی تاریخ پر تحقیق بھی کریں گے۔
ویسٹ منسٹر پیلس میں قائم بگ بین سنہ 1859 میں مکمل ہوئی تھی اور جلد ہی اسے ماہر تعمیرات چارلس بیری کی تعمیر کردہ پارلیمنٹ کی عمارت کے سب سے جانے پہچانے حصے کی حیثیت حاصل ہوگئی تھی۔ آج بھی بگ بین کو دنیا بھر میں برطانیہ اور لندن کی پہچان تصور کیا جاتا ہے۔
ڈیڑھ سو سال کے دوران بگ بین کی گھنٹی کو متعدد حادثات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔کلاک ٹاور کی پہلی گھنٹی میں تجرباتی مراحل کے دوران ہی دراڑیں پڑ گئی تھیں اور اس کی متبادل گھنٹی بھی صرف دو ماہ ہی چل سکی اور اس کے بعد اس میں بھی دراڑ آ گئی۔ آنے والے چار برس بگ بین خاموش رہی یہاں تک کہ گھنٹی کی مرمت اور اس میں تبدیلی کا کام احسن طریقے سے سرانجام پا گیا۔
بگ بین کے نگران مائیک مکین کے مطابق ’ڈیڑھ سو برس بعد آج بھی اہلِ لندن اور دنیا والوں کے دل میں بگ بین کی خصوصی جگہ ہے اور یہ انجینئرنگ اور تعمیرات کا عظیم شاہکار ہے‘۔


















