سعودی خاندان ’جن‘ کے خلاف عدالت میں

مدینہ
،تصویر کا کیپشنسعودی خاندان پندرہ برس سے مدینہ میں قیام پذیر ہے
وقت اشاعت

ایک سعودی خاندان نے ایک ’جن‘ پر چوری اور ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا ہے۔

سعودی اخبار الوطن کے مطابق مدینہ سے تعلق رکھنے والے خاندان کا کہنا ہے کہ جن انہیں دھمکیاں دیتا ہے، ان پر پتھر پھینکتا ہے اور ان کے موبائل فون چرا لیتا ہے۔

متاثرہ سعودی خاندان پندرہ برس کے ایک ہی گھر میں مقیم تھا تاہم ان کا کہنا ہے کہ انہیں حال ہی میں جن کی موجودگی کا احساس ہوا اور انہیں اپنا وہ گھر چھوڑنا پڑا۔

اس خاندان کے سربراہ نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’ہمیں عجیب و وغریب آوازیں سنائی دینے لگیں۔ ابتداء میں ہم نے ان پر غور نہ کیا لیکن پھرعجیب چیزیں رونما ہونے لگیں اور بچے اس وقت بہت خوفزدہ ہوئے جب جن نے پتھر بھینکنے شروع کر دیے‘۔

خاندان کے سربراہ کے مطابق ’پہلے ایک زنانہ اور پھر ایک مردانہ آواز نے ہمیں گھر سے نکل جانے کو کہا‘۔

مقامی عدالت کے مطابق ’اگرچہ یہ انتہائی مشکل کام ہے‘ تاہم وہ ان دعوؤں کے حقیقت جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اسلام میں ’جنوں‘ کی موجودگی کا تصور موجود ہے اور اسلامی تعلیمات کے مطابق جن اللہ کی مخلوقات میں سے ہیں۔