لائبیریا کا شو مین

ٹیلر نے جو الزامات سے انکاری بھی ہیں، ایک مرتبہ زمین پر سجدہ ریز ہو کر ایک مرتبہ اپنے خدا سے معافی مانگی۔
،تصویر کا کیپشنٹیلر نے جو الزامات سے انکاری بھی ہیں، ایک مرتبہ زمین پر سجدہ ریز ہو کر ایک مرتبہ اپنے خدا سے معافی مانگی۔
وقت اشاعت

لائبیریا کے سابق رہنما اور جنگی جرائم کے مشتبہ مرتکب چارلس ٹیلر آج کل عالمی عدالت کے کٹہرے میں بیان دے رہے ہیں۔

لائبیریا سے ملحق سیآرا لیئون کے باغیوں کی مبینہ حمایت کے الزام میں چارلس ٹیلر طویل کوششوں کے بعد عالمی عدالت کے سامنے لائے گئےہیں۔

چارلس ٹیلر کے خلاف الزامات کا تعلق بنیادی طور پرسیآرا لیئون کے باغیوں کی مبینہ حمایت سے ہے جنہیں وسیع پیمانے پر مظالم کا ذمہ دار سمجھا جاتا ہے۔

چارلس ٹیلر کو ایک شو مین سمجھا جاتا ہے اور وہ ایسے شو مین ہیں جو کئی بار لوگوں کے سامنے رہے ہیں۔

سنہ نوے کی دہائی میں جب وہ ایک باغی تھے اوردارالحکومت سمیت لائبیریا کے بڑے حصے پر ان کا کنٹرول تھا، تو وہ بھرپور فوجی شان و شوکت سے مغربی افریقہ میں برکینو فاسو میں جاری علاقائی کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچ گئے۔

ان کے محفاظ، وفاداری اور طاقت کا اظہار کرتے ہوئے، چارلس ٹیلر کی گاڑی کے ساتھ ساتھ ہوائی اڈے سے دارالحکومت کے مرکز تک بھاگتے رہے۔

سنہ انیس سو نناوے میں جب وہ صدر تھے، تو اقوامِ متحدہ کی طرف سے ان پر الزام لگا کہ وہ ہیروں کے سمگلر ہیں اور ان کے پاس ہر وقت بندوق ہوتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے قدسیوں نما سفید لباس زیب ِ تن کیے ہوئے ایک دعائیہ اجتماع سے خطاب کیا۔

ٹیلر نے جو الزامات سے انکاری بھی ہیں، ایک مرتبہ زمین پر سجدہ ریز ہو کر ایک مرتبہ اپنے خدا سے معافی مانگی۔

اور اب جب کہ ’شو مین‘ عوام کے سامنے نہیں آ سکتے انہیں ایک سٹیج مل ہی گیا ہے۔

سنہ نوے کی دہائی میں انہوں نے بی بی سی کو کئی ڈرامائی انٹرویو دیئے۔ ایک بار انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’حضرت عیسیٰ پر بھی قتل کے الزامات لگائے گئے تھے۔‘

چارلس ٹیلر انیس سو اڑتالیس میں پیدا ہوئے اور ان کا خاندان آزاد کردہ غلاموں کے اس ممتاز گروپ سے تھا جنہوں نے انیسویں صدی میں ملک کی بنا ڈالی۔

سیاسی وجوہات کی بنیاد پر خود کو وسیع سطح تک مقبول بنانے کے لیے انہوں نے اپنے نام میں ’گھنکی‘ لفظ کا بھی اضافہ کیا اور چارلس گھنکی ٹیلر بن گئے۔

انہوں نے امریکہ میں تعلیم حاصل کی اور انیس سو اسی میں جب ماسٹر سارجنٹ سیمیوئل نے لائبیریا میں ولیم ٹولبرٹ کی حکومت کے خلاف پہلی کامیاب بغاوت کی تو چارلس ٹیلر اپنے ملک واپس چلے آئے۔