ماں کے جنین سے الگ کی گئی بچی زندہ برآمد

ڈارلین ہینیس
،تصویر کا کیپشنڈارلین ہینیس کو جب قتل کیا گیا اس وقت وہ آٹھ ماہ کی حاملہ تھیں
وقت اشاعت

امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک ایسے بچی کو زندہ برآمد کر لیا ہے جسے دو دن قبل مردہ ماں کے پیٹ سے نکال لیا گیا تھا۔

پولیس کو یہ بچی ایک ایسی خاتون سے ملی جو کہ پہلے ہی کسی جرم میں پولیس کو مطلوب تھیں۔

ورسسٹر پولیس کے سارجنٹ کیری ہیزل ہرسٹ کا کہنا ہے کہ بچی صحت مند ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی تئیس سالہ ماں کی نعش سوموار کے روز ان کے اپارٹمنٹ سے برآمد کر لی گئی تھی جسے بظاہر دو دن پہلے قتل کر دیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لی گئی خاتون کا نام جولی کورے ہے جس کی عمر پینتیس سال ہے۔ اسے اس وقت نیو ہمپشائر کی ایک پناہ گاہ سے گرفتار کیا گیا جب وہاں کے عملے نے شک پڑنے پر پولیس کو آگاہ کیا۔

یونین لیڈر نامی اخبار کے مطابق خاتون نے عملے سے کہا تھا کہ وہ اس بچی کی ماں ہے۔

اخبار بوسٹن گلوب میں کہا گیا ہے کہ خاتون کے مرد ساتھی سے بھی پولیس نے تفتیش کی تاہم انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔

بچی کی ماں ڈارلین ہینس کی لاش سوموار کو اس وقت برآمد کی گئی جب ہمسائیوں نے اس کے اپارٹمنٹ سے شدید بد بو محسوس کی۔ .

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون کے جسم سے جنین کو الگ کیا گیا تھا اور ان کے سر پر چوٹ کے نشان تھے تاہم اس کی موت کی صحیح وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کیمیائی تجزیے کے بعد ان کی موت کی وجہ کا تعین ہو سکے گا۔.