مائیکل جیکسن کا ایک اور ’جنازہ‘

اگنی قبیلے نے مائیکل جیکسن کو اپنا شہزادہ بنایا تھا
،تصویر کا کیپشناگنی قبیلے نے مائیکل جیکسن کو اپنا شہزادہ بنایا تھا
وقت اشاعت

پاپ سٹار مائیکل جیکسن کی آخری رسومات آئیوری کوسٹ کے ایک گاؤں کرنجابو میں بھی انجام دی جا رہی ہیں۔ اس گاؤں کے اگنی قبیلے نے انہیں ان کے سنہ انیس سو بانوے کے دورے میں اپنا شہزادہ بنایا تھا۔

مائیکل جیکسن کی موت کے بعد پچیس جون سے ہی یہ قبیلہ سوگ منا رہا ہے۔

اس گاؤں کے باسی یہ کوشش کرتے رہے ہیں کہ مائیکل جیکسن کی لاش یہاں آئے اور وہ اس کی آخری رسومات ادا کر سکیں۔ لیکن انہیں اس میں کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔ لاس اینجلس میں آنجہانی پاپ سٹار کی آخری رسومات کے بعد گاؤں والوں نے فیصلہ کیا کہ ’شہزادے‘ جیکسن کو سانوی بادشاہت کی روایات کے تحت دفنایا جائے۔

گاؤں والوں نے ایک فٹ بال گراؤنڈ کے اردگرد خیمے لگا لیے ہیں اور ان میں ایک ہزار کے قریب لوگ جمع ہیں جو گزشتہ پچاس سال میں سب سے بڑے پاپ سٹار کو خراجِ تحسین پیش کرنے آئے ہیں۔

آپ جسے مائیکل جیکسن کے طور پر جانتے ہیں وہ یہاں پرنس مائیکل آملامین آنوہ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ مائیکل جیکسن کو ولی عہد بنایا گیا تھا اور اس حوالے سے ان کا جسم دریا میں دفن کیا جانا تھا۔

اس تقریب کے ایک منتظم ایمینویل کاسی نے کہا کہ انہوں نے بین الاقوامی میڈیا اور آبیدجان میں امریکی سفارتخانے کے ذریعے مائیکل جیکسن کی لاش یہاں لانے کی اپیل کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ’مثال کے طور پر اگر امریکی یا مائیکل جیکسن کے اہلِ خانہ اس بات کے لیے راضی ہو جاتے تو وہ ان کے لیے جو کچھ کر سکتے تھے کرتے۔