عراق: بم دھماکوں میں چالیس افراد ہلاک

عراق میں چار بم دھماکوں میں کم از کم چالیس افراد ہلاک اور دو سو زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
دو ٹرک بم دھماکے موصل شہر کے قریب ہوئے جس میں 23 افراد ہلاک ہوئے اور ایک سو تیس افراد زخمی ہوئے۔
دوسری طرف بغداد میں ایک زیر تعمیر عمارت کے قریب دو بم دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں سولہ افراد ہلاک اور اسی سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ ایک ماہ قبل ہی امریکی فوج نے شہروں کے حفاظتی انتظامات عراقی فوج کے حوالے کیے ہیں۔
سوموار کو موصل سے کچھ بیس کلومیٹر دور ایک گاؤں میں ایک ساتھ دو ٹرک دھماکے ہوئے۔ یہ دھماکے اتنے شدید تھے کہ تیس گھر تباہ ہو گئے۔ یہ علاقہ شیعہ آبادی پر مشتمل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ بہت سے لوگ گھروں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
دوسری طرف بغداد میں سخت سکیورٹی کے باوجود دو الگ الگ علاقوں میں ان مقامات پر دھماکے ہوئے جہاں تعمیراتی کام جاری تھا۔ ان حملوں میں مزدوروں کو نشانہ بنایا گیا۔ پہلا دھماکہ ایک کچرے کے ڈھیر میں ہوا جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور 46 زخمی ہوئے۔ چند ہی منٹ بعد ایک اور جگہ جہاں تعمیراتی کام جاری تھا دوسرا دھماکہ ہوا جس میں نو افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوئے۔


















