کولمبو پناہ گزینوں کو ’آزاد‘ کرے: ایمنسٹی

حقوق انسانی کی عالمی تنظیم، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سری لنکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کیمپوں میں محصور تامل پناہ گزینوں کو رہا کر دے۔
اس برس کے آغاز پر تامل باغیوں کے خلاف سری لنکن فوج کی کارروائی کے دوران لاکھوں کی تعداد میں تامل باشندوں نے کیمپوں میں پناہ لی تھی۔
ایمنسٹی کا کہنا ہے کہ ان پناہ گزینوں کو کیمپوں تک محدود کرنا حقوق انسانی کے بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔
اپنی ایک رپورٹ میں تنظیم نے امداد دینے والے ملکوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان پناہ گزینوں کی کیمپوں سے رہائی کے لیے سری لنکن حکومت پر کافی دباؤ نہیں ڈال رہے۔
تاہم سری لنکا کہ ایک وزیر نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ تحفظ کی عدم موجودگی میں حقوق کی بات شرانگیزی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشل کی رپورٹ میں تین لاکھ کے قریب ان تامل باشندوں کی حالت بیان کی گئی ہے جنہوں نے جنگ کے آخری دنوں میں ان کیمپوں کا رخ کیا تھا۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ ان افراد کو کیمپوں میں محصور کر دیا گیا ہے اور ان سے ان کی نقل و حرکت کی آزادی چھین لی گئی ہے۔
شہری اور سیاسی حقوق سے متعلق بین الاقوامی معاہدے کے تحت نقل حرکت کی آزادی کا حق لوگوں کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ جب چاہیں کیمپ چھوڑ کر جا سکتے ہیں اور جہاں چاہے رہ سکتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی






















