گوانتانامو کم عمر قیدی کی گھر واپسی

خلیج گوانتانامو میں قید سب سے کم عمر قیدی محمد جواد پیر کے روز سات سال کی قید کے بعد کابل میں اپنے گھت پہنچ گئے۔
امریکہ میں ایک جج نے خلیج گوانتانامو میں قید سب سے کمر عمر قیدی محمد جواد کی رہائی کا حکم صادر کیا تھا۔امریکہ میں ڈسٹرک کورٹ کے جج ایلن ہوویلی نے کہا کہ محمد جواد کو اگست کے آخر تک رہا کر دیا جائے گا۔
محمد جواد پیر کی دوپہر کو کابل پہنچے تھے اور شام کو ان کو ان کے خاندان کے حوالے کیا گیا۔
محمد جواد پر دو امریکی فوجیوں اور ان کے مترجم کو گرنیڈ پھینک کر کے زخمی کرنے کا الزام ہے۔
محمد جواد کے وکلاء کا کہنا تھا کہ سنھ دوہزار دو میں جب انہیں گرفتار کیا گیا تو ان کی عمر صرف بارہ برس کی تھی لیکن امریکی وزارتِ دفاع کے مطابق اس کی عمر سترہ سال تھی۔ محمد جواد گزشتہ ساڑھے چھ برس سے گوانتانامو بے کے کیمپ ڈیلٹا میں قید تھے۔
جج نے حکومتی وکلاء پر زور دیا تھا کہ وہ محمد جواد کے خلاف فرد جرم عائد نہ کریں۔جج کا کہنا تھا کہ اس نوجوان نے پہلے ہی بہت کچھ بھگت لیا ہے۔


















