اسرائیل بستیوں کی تعمیر روکے: جرمنی

بدھ کو لندن میں مذاکرات کے بعد اسرائیلی وزیر ِاعظم نے کہا تھا کہ ان کا ملک اور امریکہ تعمیرات کے تناظر میں ایک فارمولے کے قریب تر ہیں۔
،تصویر کا کیپشنبدھ کو لندن میں مذاکرات کے بعد اسرائیلی وزیر ِاعظم نے کہا تھا کہ ان کا ملک اور امریکہ تعمیرات کے تناظر میں ایک فارمولے کے قریب تر ہیں۔
وقت اشاعت

اسرائیل میں مقبوضہ فلسطینی علاقو ں میں اسرائیلی تعمیرات پر پانبدی لگانے کے قضیہ میں جرمنی نے امریکہ کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ ان بستیوں کی تعمیر منجمد کر دے۔

یہ بات جرمنی کی چانسلر اینگلا مرکل نے برلن کے دورے پر آئے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتنیاہو کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تاہم اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایران کے خلاف اقتصادی پابندیوں کو مزید سخت بنانے کی بات کی۔

اس سے پہلے برطانیہ کے اپنے دورے میں بھی اسرائیلی وزیر اعظم نے ایران کے جوہری پروگرام کو اسرائیل کی سلامتی کے لئے بڑا خطرہ قرار دیا تھا۔

اس دورے میں اسرائیلی وزیرِ اعظم کو نازی کیمپوں کے اصلی نقشے بھی دیئے گئے ہیں۔ یہ نقشے سنہ انیس سو اکتالیس کے ہیں اور برلن میں گزشتہ برس ایک فلیٹ سے ملے۔

.ادھر صدر براک اوباما نے کہا ہے اگر ایران نے تجارتی فوائد کے بدلے جوہری پروگرام ختم کرنے کے لیے مذاکرات کی پیشکش کا جواب نہ دیا تو اسے کڑی پابندیوں کا سامنا ہوگا۔

اور جرمن چانسلر نے کہا کہ اگر ایران نے ستمبر تک پیشکش کا مثبت جواب نہ دیا تو ’ہم اپنے اقدامات کا تعین کریں گے۔‘

اسرائیلی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ اگر دنیا کی بڑی طاقتیں متحد ہو جائیں تو ایران پر اقتصادی دباؤ ڈالا جا سکتا ہے۔

بدھ کو لندن میں مذاکرات کے بعد اسرائیلی وزیر ِاعظم نے کہا تھا کہ ان کا ملک اور امریکہ تعمیرات کے تناظر میں ایک فارمولے کے قریب تر ہیں۔

امریکہ چاہتا ہے کہ اسرائیل فلسطینی مطالبے کو تسلیم کر لے اور مذاکرات کے آغاز سے قبل بستیوں کی تعمیر روک دے۔ فلسطین نے کہا ہے کہ وہ اس وقت تک مذاکرات نہیں کرے گا جب تک اسرائیل ہر قسم کی تعمیرات نہیں روک دیتا۔